قوم کے بچوں کی صحت کے دشمنوں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے،شہباز شریف


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے   پولیو ورکرز کی ٹیم پر دہشت گردوں کی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ  قوم کے بچوں کی صحت کے دشمنوں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، پولیو ورکرز پر حملہ کرنے والے قوم کے بچوں کو معذور بنانا چاہتے ہیں،فائرنگ قابل مذمت،شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق  وزیراعظم شہباز شریف نے ٹانک میں پولیو ورکرز کی ٹیم پر دہشت گردوں کی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا،وزیراعظم نے ٹانک کے علاقے کوٹ اعظم کچی آبادی میں سپاہی پیر رحمن اور سپاہی نثار خان کی شہادت پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پولیس نے عظیم قربانیاں دی ہیں، شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں، پولیو ورکرز پر حملہ کرنے والے قوم کے بچوں کو معذور بنانا چاہتے ہیں، قوم کے بچوں کی صحت کے دشمنوں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے شہدا کے بلندی درجات اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔