کامیاب پاکستان پروگرام میں غریب طبقے کو بنا سود قرضے دیں گے، شوکت ترین


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے ویژن کے تحت نوجوانوں کو اوپر لانا ہے ، کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو 24 سے 26 ارب روپے دیے گئے ہیں۔

کامیاب جوان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ ان کے نوجوان ہوتے ہیں، چین نے اپنے لوگوں پر سرمایہ کاری کی اور آج وہ دنیا کی دوسری بڑی طاقت ہے۔وفاقی مشیر خزانہ نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام لارہے ہیں جس کے تحت کسانوں کو قرضے دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب پاکستان کے تحت ہر خاندان کے ایک فرد کو 5 لاکھ روپے تک کا قرضہ دیا جائے گا۔شوکت ترین نے کہا کہ نچلے طبقے کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے تاکہ وہ اپنے پاں پر کھڑے ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ عثمان ڈار نے بہت اچھا کام کیا ہے ہم ان کے ساتھ ہیں۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مشیرخزانہ شوکت ترین نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت غریب طبقے کو بنا سود کے بغیر قرضے دیے جائیں گے۔

کنونشن سے اپنے خطاب میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے لوگوں سے کہا ہے کہ انہیں جو کچھ آتا ہے، اس کے متعلق اپنی سی وی جاب پورٹل پر اپ لوڈ کردیں۔ انہوں نے تمام وزارتوں سے کہا کہ وہ جاب پورٹل پر اشتہارات کی تشہیر کریں۔

اسد عمر نے کہا کہ نوجوانوں کو ہم نے فیصلہ سازی میں شریک کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوان نسل کو کامیاب بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت میں انقلاب نوجوانوں کی وجہ سے آئے گا۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو صرف ہنر سکھایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں ںے خود کاروبار شروع کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام سے معیشت میں انقلاب آئے گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے اپنے خطاب میں کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ نوجوانوں کی کامیابی کے لیے بات کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام نوجوان نسل کے لیے سنگ میل ثابت ہو گا۔