یومِ آزاد ی پر الخدمت کمپلیکس لاہورمیں پرچم کشائی کی تقریبِ کا انعقاد


لاہور(صباح نیوز)یومِ آزاد ی پر الخدمت کمپلیکس میں پرچم کشائی کی تقریبِ کا انعقاد ،الخدمت آغوش ہومز، الخدمت اسکولز اور چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز میں یومِ آزادی کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت بھی ملک بھر میں یومِ آزادی قومی جوش و خرو ش کے ساتھ منایا گیا۔ یومِ آزادی کی مناسبت سے مرکزی تقریبِ پرچم کشائی الخدمت کمپلیکس لاہور میں منعقدہوئی۔

تقریب میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمد عبدالشکور، نائب صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، سیکرٹری جنرل شاہد اقبال، سیکرٹری جنرل ہیلتھ فاؤنڈیشن ڈاکٹر زاہد لطیف، ایگزیکٹو ڈائریکٹرخبیب بلال اور مختلف یونیورسٹیوں  سے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

محمد عبد الشکور نے یومِ آزادی کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ وطن سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔زندہ قومیں اپنا یومِ آزادی جوش و خروش سے مناتی ہیں۔ خدمت ِ خلق کے جذبہ سے سرشاران نوجوانوں کے ساتھ جشن آزادی منانے کا مقصد ان کو آزادی کی حقیقی اہمیت سے روشناس کروانا اور یہ احساس اجاگر کرنا ہے کہ یہی نوجوان وطن کا سرمایہ اور امید ہیں۔ باشعور، باہمت، متحرک، پرجوش اور پرمغز نوجوان ہی اپنی قوم کی بہتر رہنمائی کرکے اس کو منزلِ مقصود تک پہنچا سکتے ہیں۔

الخدمت آغوش ہومز، الخدمت اسکولز اور چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز میں یومِ آزادی کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔جن میں بچوں کے مابین ملی نغموں، تقاریر اور جشن ِ آزادی کے حوالے سے کوئز مقابلوں اور واکس کا انعقاد کیا گیاتھا۔اس موقع پران سنٹرز کوقومی پرچم، جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے خصوصی طور پر سجایا گیا۔