رحیم یار خان میں گڑھے میں پھنسی منی بس پر ٹریلر الٹ گیا، 13 افراد جاں بحق


رحیم یارخان(صبا ح نیوز)رحیم یارخان کے علاقے فیروزہ میں گڑھے میں پھنسی منی نس پر ٹریلر الٹ گیا جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان میں یہ حادثہ ہفتہ کی شام فیروزہ شہر میں اس وقت پیش آیا جب طوفانی بارش جاری تھی، بہاولپور سے خان پور کی طرف آنے والی مسافر کوسٹر جب فیروزہ شہر میں پہنچی تو مخالف سمت سے آنے والا ٹرک جس پر چینی کی بوریاں لوڈ تھیں سڑک پر سیوریج کی وجہ سے پڑنے والے گڑھوں کے باعث مسافر کوچ پر الٹ گیا۔اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی خان پور لیاقت پور سے امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، مقامی پولیس نے بھی موقع پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا، کرین کی مدد سے ٹرک کو سیدھا کیا گیا، مسافر کوچ کی چھت ٹرک اور چینی کی بوریوں کے نیچے آکر پچک گئی۔

آخری اطلاعات کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے 13 مسافروں کی میتیں اور 5 زخمی افراد کو فیروزہ ہسپتال منتقل کردیا، موقع پر پہنچے والے سسٹنٹ کمشنر لیاقت پور کی گاڑی پر مشتعل شہریوں نے پتھراو کیا۔شہریوں کا کہنا تھا کہ کئی سالوں سے فیروزہ شہر کے وسط میں شاہی روڈ کا 2 فرلانگ سڑک کا ٹکڑا سیوریج کی خرابی کے باعث ٹوٹا ہوا ہے جہاں آئے روز حادثات معمول تھے آج بڑا سانحہ پیش آگیا اس حادثہ کے اصل ذمہ داری محکمہ پبلک ہیلتھ محکمہ ہائی وے اور اراکین اسمبلی پر عائد ہوتی ہے جن کی مجرمانہ غفلت کے باعث 13 قیمتی جانوں کا نقصان ہوا وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی فوری طور پر نوٹس لے کر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کے علاوہ سڑک کی فوری تعمیر اور سیوریج لائن سے پڑنے والے گڑھوں کی درستگی کا کام کرائیں