پاکستان کو فرسودہ نظام سے نجات اور اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے چوروں، لٹیروں اور کرپٹ افراد کو مسترد کرنا ہوگا، محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز  )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پاکستان کی 75ویں سالگرہ پر قوم کو یہ عہد کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ آئندہ ان چوروں، لٹیروں اور کرپٹ افراد کو مسترد کرکے محب وطن افراد کو آگے لائیں گے۔ 75برسوں سے پاکستان پر جاگیر داروں ، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے قبضہ کر رکھا ہے۔ مٹھی بھر اشرافیہ کے ظلم و ستم سے نجات حاصل کرنے کے لیے عوام کو چلے ہوئے کارتوس سے نجات حاصل کرنی ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخوں میں 9روپے 90پیسے اضافہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ اضافے کا اطلاق اگست کے بلوں سے ہی ہوگا۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمرانوں نے ملک سے غریب مکائو پروگرام بنا رکھا ہے ۔ آئی ایم ایف کے غلام ابن غلام حکمرانوں کے بھیانک چہرے عوام کے سامنے آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے بجلی کی قیمتوںمیں ہوشربا اضافے کے خلاف اپنی تحریک کا آغاز کردیا ہے ۔ ایک طرف ملک بھر میں شارٹ فال 6ہزار میگا واٹ ہونے سے 6 سے8گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری طرف بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ لوگ گھروں کا راشن خریدنے کی بجائے ٹیکسوں کی بھر مار پر مشتمل بجلی کے بل ادا کرنے پر مجبور ہیں۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ حکومت کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں37فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے۔ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے ، فرسودہ اور کرپٹ نظام کے خاتمے تک حقیقی آزادی میسر نہیں آسکتی۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل نصر اللہ گورائیہ، سردار ظفر حسین خان، وقاص بٹ ، ذکر اللہ مجاہد ، محبوب الزماں بٹ، اویس گھمن،عظیم رندھاوا،میاں آصف اقبال اور دیگر بھی موجود تھے۔