اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارتی معاہدے “Trade in Goods Agreement” پر دستخط کردیئے گئے ۔دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب وزیر اعظم ہائوس میں منعقد ہوئی۔ وزیر تجارت سید نوید قمر اورترکیہ کے وزیر تجارت ڈاکٹر مہمت مس نے تجارتی معاہدے پر دستخط کئے،معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 5ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔
وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر خزانہ وریونیو ڈاکٹر مفتاح اسماعیل احمد، وفاقی وزیر برائے سرمایاکاری بورڈ وسی پیک چوہدری سالک حسین، وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب،وفاقی وزیر برائے پاور انجینئر خرم دستگیر خان ، وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان، معاون خصوصی سید طارق فاطمی، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اوردیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ تجارتی معاہدے پر دستخط دونوں برادر ملکوں کے درمیان ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی معاہدے کے حوالے گزشتہ کئی سالوں سے بات چیت جاری تھی۔ وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ ان کے رواں سال مئی کے مہینے میں انقرہ کے دورے اور دونوں جانب سے انتھک کوششوں کے نتیجہ میں اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان اور حکومت پاکستان کی قیادت میں ہم شاندار نتائج حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ آج کے معاہدے کے بعد دونوں ملکوںکے درمیان تجارت کے حوالے سے بے پناہ مواقع پیداہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا پوٹینشل لامحدود ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت کی صلاحیت کسی بھی شخص کے تخیل سے باہر ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارا عزم شاندار ہے،اس معاہدے کے نتیجہ میں ہمیں تجارت اور سرمایہ کاری میں بہت زیادہ اضافہ کرنا ہے۔ہمیں اس موقع کا بڑی دیر سے انتظار تھا۔شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدہ خوش آئند ہے۔دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کے حوالہ سے کوششیں کی گئیں۔ تجارتی معاہدے دونوں ملکوں کی ترقی میں اہم کردار اداکریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملک ایک دوسرے کے ساتھ مذہبی، ثقافتی اورتجارتی روابط میں بندھے ہیں۔ معاہدے کے لئے کوششوں پر سید نوید قمر اور ترکیہ کے وزیر تجارت ڈاکٹر مہمت مس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ معاہدے کے لئے دونوں ممالک کے سفیروں، فارن آفس ، وزیر خارجہ نے ٹیم ورک کے طور پر کام کیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ اب ہمیں اس عزم کااعادہ کرنا ہے کہ اس معاہدے پر اس کی روح کے مطابق عمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ پاکستان دوستی زندہ باد۔