عوام کراچی شہر کی روشنیوں کو بحال اور تعمیر وترقی کیلئے جماعت اسلامی کے نامزد امیدواروں کو کامیاب بنائیں ،محمد حسین محنتی


کراچی( صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ بارش اللہ کی رحمت مگر حکومتی نااہلی وانتظامی غفلت نے شہر قائد کو کچرا کنڈی میں تبدیل کردیا ہے، ،ایک گھنٹہ کی بارش میں شہر کے کئی علاقے دریاء کا منظر پیش کررہے ہیں،کے الیکٹرک بارش کا بہانہ بناکر بتی بند کردیتی ہے جس کی وجہ سے زندگی اجیرن اور روشنیوں کا شہر تاریکی میں ڈوب جاتا ہے،عوام شہر کی روشنیوں کو بحال اور تعمیر وترقی کیلئے جماعت اسلامی کے نامزد امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پٹیل پاڑہ میں بلدیاتی مہم کے دوران اپنے خطاب میں کیا۔ یوسی 3کے نامزد امیدوار برائے چیئرمین عبدالشکور نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ بارش اللہ کی رحمت ہوتی ہے مگر حکومتی وانتظامی بے حسی کی وجہ سے یہ عوام کیلئے زحمت بن جاتی ہے،

معمولی بارش میں کے الیکٹرک بجلی بند تو دوسری جانب گلی محلے اور سڑکیں پانی کے جوہڑ اورتالاب کی شکل اختیار کرجاتی ہیں، سیوریج وبارش کے پانی جمع ہونے سے مچھروں کی بہتات اور وبائی امراض پھیل رہے ہیں اسلئے حکومت فوری طور پر بارش کے پانی کے نکاس کیلئے اقدامات اور مچھروں وبائی امراض کے خاتمے کیلئے جراثیم کش اسپرے کرایا جائے۔یوسی 03کے نامزد چیئرمین عبدالشکور نے کہا کہ حل صرف جماعت اسلامی ہے،عوام 28اگست کو ترازو پر مہر لگاکر تبدیلی کاآغاز کریں۔