لاہور(صباح نیوز) ا میر جماعت اسلامی سراج الحق نے ارشد ندیم کو جویلین تھرو مقابلے میں تاریخی فتح حاصل کرنے اور گولڈ میڈل جیتنے پر دلی مبارکباد دی ہے۔ منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے نوح دستگیر بٹ کو بھی ویٹ لفٹنگ مقابلوں میں سونے کا تمغہ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔
انہوں نے وفاقی وصوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں تمغے جیتنے والے تما م کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے اور انہیں انعامات دیے جائیں اور اس کے ساتھ ساتھ مقابلوں میں شریک تمام اتھلیٹس کی بھی بھرپور پذیرائی کی جائے۔دولت مشترکہ کھیلوں میں شریک پاکستانی کھلاڑیوں نے تاحال آٹھ تمغے جیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومتیں کھیلوں کے فروغ پر توجہ دیں تو کوئی وجہ نہیں کہ پاکستانی نوجوان ہرمیدان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں دیگر شعبوں کی طرح کھیلوں کے شعبہ کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔ گراؤنڈز نہ ہونے کے برابر اور کھلاڑیوں کی ٹریننگ اور پذیرائی پر توجہ نہیں دی جاتی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنی مدد آپ کے تحت محنت کر کے اور محدود وسائل ہوتے ہوئے بھی شاندار کارکردگی دکھا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا اگر حکومت نوجوانوں کو سہولیات مہیا کرے اور عالمی معیارات کے پچاس فیصد بھی ان کی تربیت پر خرچ کرے تو کوئی وجہ نہیں کہ ملک کا پرچم ہر شعبے میں بلند ہو۔ انہوں نے خصوصی طور پر قومی کھیل ہاکی کی زبوں حالی پر افسوس کا اظہار کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے معاملات میں درستگی لائے اور ٹیلنٹ کو نکھارنے اور آگے لانے کے لیے وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں میں تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ پر بھی توجہ دے رہی ہے۔ جماعت اسلامی محدود وسائل کے باوجود ہرشعبہ میں بہتری کے لیے اپنے تئیں بھرپور کاوشیں کررہی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے موقع دیا عوام کی خدمت کی مثالیں قائم کریں گے۔