کراچی(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ شفاف الیکشن پاکستان کے مسائل کا واحد حل ہے ،پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)ملک کے ہر شہر میں مہنگائی کے خلاف مظاہرہ کررہی ہے، عوام کی تکلیف کی بات کررہی ہے، اس کی وجوہات کی بات کررہی ہے، اس کے مسائل کے حل کی بات کررہی ہے، لیکن میڈیا کے کیمرے اس کو کور نہیں کرپاتے۔ جس طرح میڈیا کے کیمرے ٹی ایل پی کے2017-18کے دھرنے کو کور کرتے تھے ، دن رات کور کرتے تھے آج وہ کوریج نظر نہیں آتی۔ جو کچھ آج لاہور، گوجرانوالہ کی سڑکوں پر ہو رہا ہے اور پورے پنجاب کے اندر رینجرز تعینات کردی گئی ، اس کی کوئی خبر میڈیا کی طرف سے تو نہیں آسکے گی۔ میڈیا خود اپنے معاملات کو دیکھے کہ آج آزادی صحافت کہاں پہنچ گئی اور آج صحافیوں پر دبائو کہاں پہنچ گیا ہے۔
ان خیالات کااظہار شاہد خاقان عباسی نے ایم ڈی پی ایس اوتقریر کیس میں کراچی کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اپوزیشن رہنمائوں کے خلاف بے بنیاد کیسز بنائے جارہے ہیں۔ مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافہ ہو گیا۔ حکومت آج تک توشہ خانہ کے تحائف کا جواب نہیں دے سکی۔ جو حکومت کی ناکامیاں ہیں وہ مہنگائی کی صورت میں عوام کے سامنے آتی ہیں، صرف گذشتہ چار ماہ کے دوران روپیہ 15فیصد کمزور ہو گیا اور اس کااثر عوام مہنگائی میں دیکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج ہز شخص کہتا ہے کہ 2018میں جو الیکشن چوری ہوئے اس کا براہ راست اثر مہنگائی کی صورت میں میری زندگی پر پڑ رہا ہے۔آج عوام یہ جان چکے ہیں کہ اگر ملک کا نظام آئین کے مطابق نہیں ہو گا ، ملک کے الیکشن چوری ہوں گے تو پھر عوام کو ریلیف نہیں ملے گا اور ملک کے معاملات بہتر نہیں ہو ں گے، ملک کے آج یہی حقائق ہیں ، شفاف الیکشن پاکستان کے مسائل کا واحد حل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ توہین عدالت کی بات نہیں ہے، جو نیب ترمیمی آرڈیننس آیا ہے اس پر جج صاحبان خود پریشان ہیں کہ وہ کیا کریں، آرڈیننس میں یہ لکھا ہے کہ اگر اس کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا تو اس نے کیس ٹرانسفر کردیناہے وہ کہتے ہیں کہاں ٹرانسفر کریں اور کس کے پاس ٹرانسفر کریں۔ جب قانون غلط بنائے جاتے ہیں اور بدنیتی سے بنائے جاتے ہیں تو اس کا اثر عدل کے نظام پر ہوتا ہے۔ آج ملک کہاں جارہا ہے کیا اس کی کسی کو پرواہ ہے، حکمرانوں کو تو پرواہ نہیں ہے، جو الیکشن چوری ہوا وہ بھی کسی نے پراہ نہیں کی
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عوام کی تکلیف کی پرواہ نہیں کی، آج وہ مظاہرے ہورہے ہیں اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ان مظاہرین سے جھوٹ بولا گیا، یعنی ناموس رسالتۖ کے معاملہ پر بھی آپ نے جھوٹ بول کر دو، تین مہینے حاصل کر لئے ، اب ایک وزیر کچھ اور بیان دیتا ہے اور دوسرا وزیر کچھ اور بیان دیتا ہے، حقیقت کیا ہے یہ میڈیا بیان نہیں کرسکتا، یہ آج ملک کے معاملات ہیں۔