عالمی برادری کی بھارتی ظلم و بربریت پر خاموشی قابل مذمت ہے، عمران خان


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی برادری کی بھارتی ظلم و بربریت پر خاموشی  قابل مذمت ہے،5اگست2019کو مودی سرکارنے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اورعالمی قانون کی خلاف ورزی کی۔ پھرمودی سرکار نے ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے کشمیرمیں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کے ذریعے چوتھے جنیوا کنونشن کے تحت جنگی جرم کاارتکاب کیا۔ا ن کاخیال تھاکہ ان ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی مزاحمت کے جذبہ کو کچل ڈالیں گے۔مگرکشمیریوں کی خوئے مزاحمت نے تقویت پکڑی اور یہ مسلسل مضبوط ہوتی جارہی ہے۔

ان خیالات کااظہار عمران خان نے آج ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کی(تفریق پر مبنی)منتخب اخلاقیات+بھارت کی جانب سے عالمی قانون اوراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی پر عالمی برادری کی خاموشی قابلِ مذمت ہے۔

ہم سے کہا جاتا ہے کہ انسانی حقوق کی ان خلاف ورزیوں پرصدائے احتجاج بلند کریں جن کی نشاندہی عالمی برادری میں طاقتور قوتیں کرتی ہیں مگر جب بھارت اورمقبوضہ کشمیر میں اس کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پرخلاف ورزیوں کامعاملہ آتا ہے تو یہی قوتیں بھارتی منڈی یا اس کے ساتھ اپنے سٹرٹیجک عسکری اشتراک کے باعث مکمل خاموش نظر آتی ہیں۔