یوم استحصال کشمیر،یورپی پارلیمنٹ کی مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی صورتحال پر گہری تشویش


اسلام آباد(صباح نیوز) یورپی پارلیمنٹ کے ارکان نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یورپی کمیشن کے اعلی حکام کو خط لکھ دیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت مقبوضہ وادی میں ظلم وبربریت بند کرے۔

خط میں یورپی پارلیمنٹ کے اراکین نے مقبوضہ وادی کی صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آرٹیکل تین سو ستر اے کی منسوخی کے بعد انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

خط میں بتایا گیا کہ بھارتی افواج مقبوضہ وادی میں بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیاں کر رہی ہیں، بھارتی حکام کارکنوں، صحافیوں اور انسانی حقوق کیلئے آواز اٹھانے والوں کو گرفتار کررہے ہیں۔

خط میں مطالبہ کیا گیا کہ یورپی قائدین عالمی قوانین کے تحت اپنی ذمیداریاں پوری کریں اور ہمارے تحفظات کو بھارتی حکومت تک پہنچائیں۔

خط میں مزید کہا گیا کہ کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کے مکمل احترام کی ضمانت دی جائے، کشمیریوں کے خلاف تشدد، بدسلوکی اور امتیازی سلوک کو فوری طور پر بند کرایا جائے۔