عمران خان کا وزیراعلیٰ کی کرسی پر بیٹھنے کا معاملہ، معافی مانگنے کیلئے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع


لاہور(صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی کرسی پر بیٹھنے کے معاملے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے معافی مانگنے کے مطالبے کے لیے قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔

مسلم لیگ( ن) کی رکن اسمبلی سعدیہ تیمور کی جانب سے عمران خان سے معافی مانگنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی۔

سعدیہ تیمور کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان عمران خان کے وزیراعلیٰ پنجاب کی کرسی پر بیٹھنے کی مذمت کرتا ہے، پارلیمنٹ سے نکالے گئے شخص کا وزیراعلی کی کرسی پر بیٹھنا عہدے کی توہین ہے۔

جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ مسترد شدہ شخص نے پنجاب کے 12کروڑ عوام کی توہین کی، عمران خان پنجاب کے عوام سے فوری معافی مانگیں۔