کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ نے کراچی ایئرپورٹ دہماکے میں چینی انجنیئرزپرحملے کی سخت مذمت ،قاتلوں کو گرفتارکرکے قرارواقعی سزاکا مطالبہ کرتے ہوئے زوردیا ہے کہ حکومت چینی شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کرے۔امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے ایک بیان میں کہاکہ حالیہ دہشت گردی کا واقعہ پاک چین تعلقات کو خراب کرنے کی سازش ہے ،جماعت اسلامی افسوس ناک واقعے میں انسانی جانوں کے نقصان پر چینی حکومت کے دکھ میں بربرکی شریک ہے۔کراچی ایئرپورٹ دہماکہ قابل مذمت ہونے کے ساتھ سیکورٹی اداروں کے لیے بھی سوالیہ نشان ہے۔
قوم پوچھنا چاہتی ہے کہ جس طرح کچے کے ڈاکوؤں کے پاس جدید اسلح کیسے پہنچتا ہے اسی طرح ایئرپورٹ جیسے اہم اورحساس مقام پر بارود سے بھری گاڑی کیسے پہنچی؟ صوبائی امیر نے کہاکہ چینی شہریوں پرحملہ کرنے والے دشمن کے آلہ کارہیں جوایک طرف پاک چین تعلقات کو خراب تودوسری جانب شہرکراچی کا امن سبوتاژکرنا چاہتے ہیں ایسے لوگ کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔حالیہ دہشت گردی کے ذریعے ملک دشمن عناصرگوادر میں جاری سی پیک منصوبوں میں رکاوٹ ڈالنا اور پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کو مشکل بنانا چاہتے ہیں کیونکہ اس سے قبل سوات میں بھی گیارہ ملکوں کے سفیروں کے قافلے کو دہشت گردی کا ہدف بنانے کی کوشش حال ہی میں کی جاچکی ہے۔ اس طرح پاکستان کے بارے میں یہ تاثر عام کرنے کی سازش کی جارہی ہے کہ یہاں کسی کی جان مال محفوظ نہیں تاکہ ملک میں معاشی بحالی کے جاری عمل کو روکا جاسکے۔صوبائی امیر نے زوردیاکہ سیکورٹی اداروں کو ملکی سیاست میں مداخلت کی بجائے انٹلیجنس نظام کو مزید بہتر بناکر دہشت گردی کے تمام نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔