حالیہ بارشوں نے پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کے صوبہ میں ترقیاتی کاموں کے دعوؤں کی نفی کردی ہے،محمد حسین محنتی


کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ حالیہ بارشوں نے پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کے صوبہ میں ترقیاتی کاموں کے دعووں کی نفی کردی ہے۔گذشتہ 14سالوں سے پیپلزپارٹی سندھ میں برسراقتدار ہے مگرکراچی سمیت سندھ کے اکثرشہروں میں گندگی کے ڈھیر،انفرااسٹیکچرتباہ ہے۔اس وقت بھی شہروں میں بارش کا پانی جوہڑو تالاب کی شکل میں کھڑا جس کی وجہ سے مچھروں کا بہتات اوروبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے ایک بیان میںکراچی سمیت پورے صوبہ میں بارشوں سے قیمتی انسانی جانوں فصلوں واملاک کے نقصان پردلی دکھ کا اظہارکرتے ہوئے زوردیا کہ حکومت اپنی ذمے داری پوری اور انسانی ہمدردی کے ناتے نکاسے آب، بارش متاثرین کی امداد وبحالی کے لیے کرپشن فری اورسنجیدہ اقدامات کرے۔ سندھ میں رین امیرجنسی کے دعووں کے باوجود عوام بے یارومددگار اورروڈ راستے گلی محلے پانی سے ڈوبے ہوئے ہیں۔

اس صورتحال نے حکومت کے سندھ میں ترقیاتی کاموں کو جھوٹا ثابت کردیا ہے۔مسلسل بارش نے لوگوں کی قیمتی املاک خاص طورکچے مکانات اور کھجور سمیت فصلوں کو بڑا نقصان پہنچایا ہے۔انکے نقصانات کے ازالے کے بھی اقدامات کئے جائیں۔امیرجماعت اسلامی سندھ نے جماعت اسلامی کے ذمے داران اور الخدمت کے رضاکاروں کو ہدایات جاری کردیں ہیں کہ وہ بارش متاثرین کی امداد وبحالی کے کاموں میں ہرممکن مدد کریں۔