ثاقب نثار آڈیو ‘ن لیگی مافیا اداروں،شخصیات کو متنازع بناتا ہے، عمران خان


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو سے متعلق کہا ہے کہ ن لیگ ایک مافیا ہے جو ذاتی مفادات میں اداروں اور شخصیات کو متنازع بناتا ہے، آپ صرف ن لیگ کی تاریخ کو یاد رکھیں، یہ وہی ہیں جنہوں نے جسٹس قیوم سے مرضی کے فیصلے کروائے۔

وزیراعظم کی صدارت میں پارٹی رہنمائوں اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، ملک میں مہنگائی کی روک تھام کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف)پیکیج سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی،

وزیراعظم عمران خان نے وزراء اور رہنمائوں کو عوامی رابطوں کو تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو کا بھی تذکرہ ہوا، اس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آپ صرف ن لیگ کی تاریخ کو یاد رکھیں، یہ وہی ہیں جنہوں نے جسٹس قیوم سے مرضی کے فیصلے کروائے، یہ ایک مافیا ہے جو زاتی مفادات میں اداروں اور شخصیات کو متنازع بناتا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز 16 مرتبہ عدالتوں سے التوا لے چکی ہیں۔الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق عمران خان نے پارٹی رہنمائوں اور ترجمانوں کو ای وی ایم سے متعلق ہدایت دی اور کہا کہ آئندہ انتخابات ہر صورت ای وی ایم پر ہی کروائے جائیں گے۔ پارٹی رہنما زیادہ سے زیادہ نئی ٹیکنالوجی پر لوگوں کے تحفظات کو دور کریں۔وزیراعظم عمران خان پارٹی رہنماوں کو ووٹر لسٹوں پر بھی کام کرنے کی ہدایت دی۔