موٹر کار، ڈمپر میں تصادم ،بچے سمیت3نوجوان جاں بحق ،3 زخمی


سرائے نورنگ(صباح نیوز )ملنگ اڈا کے مقام پر موٹر کار اور ڈمپر کے مابین خوفناک تصادم کے نتیجے میں بچے سمیت تین نوجوان جاں بحق جب کہ دو بچوں سمیت تین نوجوان زخمی ہوگئے۔

ریسکیو 1122لکی مروت کے ترجمان کے مطابق گزشتہ روز ملنگ اڈا کے مقام پر موٹرکار اور ڈمپر کے مابین خوفناک تصادم ہوا۔ جس کے نتیجے میں 17سالہ معراج الدین، 12سالہ خیال دین اور 26 سالہ سلیمان جاں بحق ہوئے جبکہ11سالہ زبیر خان،13سالہ وقار اور19 سالہ محمد یونس شدید زخمی ہوئے۔

جاں بحق اور زخمیوں کاتعلق وانڈا خان دوران سے ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ایمبولینس اور میڈیکل ٹیم جائے حادثہ پہنچی اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہوگئیں۔

جاں بحق اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال لکی مروت منتقل کردیا۔بعدازاں ڈاکٹروں نے تینوں شدید زخمیوں کو خلیفہ گل نواز ہسپتال بنوں منتقل کردیاگیا۔