مظفر آباد،سری نگر(کے پی آئی)لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری کل یوم الحاق پاکستان منائیں گے اس موقع پر آزاد کشمیر میں عام تعطیل ہوگی جبکہ خصوصی تقریبات بھی ہوں گی۔
آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں ہرسال 19 جولائی کو یوم الحاق پاکستان منایا جاتا ہے19 جولائی 1947 کو سری نگر کے علاقے آبی گزر میں سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ پر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے اجلاس میں کشمیریوں کے حقیقی نمائندوں نے متفقہ طور پر کشمیر کے پاکستان سے الحاق کی قرارداد منظور کی تھی۔
تاریخی قرارداد میں پاکستان سے موجودہ مذہبی، جغرافیائی، ثقافتی اور اقتصادی قربت اور لاکھوں کشمیری مسلمانوں کی امنگوں کے پیش نظر ریاست جموں و کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کا مطالبہ کیا گیا تھا
۔یہ پیشرفت اسی سال بالترتیب 14 اور 15 اگست کو برٹش انڈین کالونی کی تقسیم کے منصوبے کے تحت پاکستان اور ہندوستان کی دو خودمختار ریاستوں کی تشکیل سے تقریبا ایک ماہ قبل ہوئی تھی۔ 19 جولائی 1947 کا فیصلہ اس بات کا منہ بولتا ثبوت تھا کہ کشمیری عوام نے اپنا مستقبل پاکستان سے جوڑ دیا ہے۔ انہوں نے اپنے سیاسی مذہبی، سماجی، ثقافتی اور معاشی حقوق کے تحفظ کے لیے پاکستان میں شامل ہونے کا فیصلہ لیا،