اسلام آباد (صباح نیوز) عوام کو بجلی کا ایک اور زوردار جھٹکا لگانے کی تیاری مکمل کر لی گئی ۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے)نے ماہ اکتوبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 75 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کے لیے نیپرا کے پاس درخواست جمع کروا دی ۔ نیپرا سی پی پی اے کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت 30 نومبر کو کرے گی ۔
درخواست میں بتایا گیا کہ اکتوبر میں فرنس آئل سے جو بجلی پیدا کی گئی اس کی لاگت 21 روپے فی یونٹ رہی ہے ۔ درخواست میں بتایا گیا ہے کہ ہائیڈل سے 23.26 فیصد اور کوئلے سے 16.69 فیصد بجلی پیدا ہوئی ۔ مقامی گیس سے 9.67 فیصد اور درآمدی ایل این جی سے 23.93 فیصد بجلی پیدا ہوئی ہے ۔ جوہری ایندھن سے 12.33 فیصد بجلی پیدا کی گئی جس کی لاگت ایک روپے فی یونٹ رہی ہے ۔
دیگر ذرائع کی نسبت جوہری ایندھن سے انتہائی سستی بجلی پیدا ہوئی ہے ۔ درخواست پر نیپرا 30 نومبر کو سماعت کرے گا جبکہ کے الیکٹرک کی جانب سے نیپرا میں 29 پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی ۔ کے الیکٹرک کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر نیپرا میں سماعت 2 دسمبر کو ہو گی ۔
کراچی کے شہریوں کے لیے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ 2 دسمبر جبکہ ملک کے دیگر شہریوں کے لیے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ 30 نومبر کو ہو گا ۔