اسلام ا باد(صباح نیوز)جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان اور یاسین ملک کے نمائند ہ خصوصی محمد رفیق ڈار نے محبوس قائد انقلاب محمد یاسین ملک کی صحت تشویشناک حد تک گرنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یاسین ملک کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچنے کی تمام تر ذمہ داری حکومت ہندوستان پر ہوگی،
اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز جموں ٹاڈا کورٹ میں ایئرفورس مقدمے کی شنوائی پر تہاڑ جیل سے آن لائن پیشی کے دوران محمد یاسین ملک نے منصفانہ عدالتی سماعت اور جموں کورٹ میں اپنی جسمانی حاضری کو ممکن بنانے پر ایک بار پھر جج سے استفسار کرتے ہوئے اس بات کا انکشاف کیا کہ انہوں نے اس حوالے سے حکومت ہندوستان کو ایک خط کے زریعے مقدمات کی منصفانہ عدالتی سماعت اور جموں کورٹ میں انکی جسمانی حاضری کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عدالت میں اپنے مخالف گواہان کی وہ خود جرح کرکے اپنا دفاع کر سکے۔
ترجمان کے مطابق محمد یاسین ملک نے حکومت ہندوستان کو اپنے مراسلے میں باور کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو اس صورت میں وہ تہاڑ جیل کے اندر ہی 22 جوہائی سے غیر معینہ مدت تک کے لئے بھوک ہڑتال کا آغاز کریں گے،ترجمان نے کہا کہ یاسین ملک کے مطالبات حق و انصاف پر مبنی ہے جنہیں بھارت کو فی الفور تسلیم کرنے میں کوئی عار محسوس نہیں ہونا چاہئے۔ترجمان نے اپنے بیان میں اقوام عالم بالخصوص اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور علمبرداروں سے اپیل کہ وہ اس موقع پر مداخلت کرکے یاسین ملک جیسے ہر دلعزیز عوامی رہنما کی زندگی بچانے کے لئے اپنا جاندار کردار ادا کریں۔
ترجمان کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے اعلی و با اختیار ادارے یعنی سپریم کونسل کے 16 جولائی بروز ھفتہ کو طلب کردہ اجلاس میں دیگر امور کے علاوہ اس پر بھی لائحہ عمل مرتب دیا جائے گا،ترجمان نے کہاکہ ہندوستان کی ایما پر دہلی کی ایک خصوصی عدالت نے امسال 25 مئی کو غیرمنصفانہ سماعت کے زریعے فرضی اور من گھڑت مقدمات کی آڑ میں یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنائی گئی جس کے خلاف نہ صرف سیزفائرلائن کے دونوں جانب سے ریاست بھر کی عوام سراپا احتجاج ہے بلکہ دنیا بھر میں موجود انسانی حقوق کے اداروں اور علمبرداروں نے بھی اپنی آواز بلند کی جس کی گونج آج برطانیہ اور یورپ سمیت عالمی اداروں میں سنائی دی جارہی ہے۔ ترجمان نے ان تمام انجمنوں، شخصیات اور جماعتوں کا شکریہ ادا کیا جو آج بھی یاسین ملک کو انصاف کی فراہمی اور رہائی کے لئے ہر ممکن کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔