آزادکشمیر حکومت خواتین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کررہی ہے،سردارتنویرالیاس


مظفرآباد(صباح نیوز) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیرسردارتنویرالیاس خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر حکومت خواتین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کررہی ہے اور کرے گی۔ خواتین معاشرہ کا اہم جزو ہیں جن کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔ خواتین کو آزادکشمیر میں  باوقار اور باعزت روزگار فراہم کرنے کیلئے بلاسود قرضے فراہم کیے جارہے ہیں تاکہ معاشرے میں خواتین اپنا کردار ادا کرسکیں۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روز چیئرپرسن وویمن کمیشن آزادکشمیر محترمہ ریحانہ خان نے ان سے کشمیرہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات کے دوران سردارتنویرالیاس خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں وکشمیرقانون ساز اسمبلی میں خواتین کی نشستوں میں اضافہ کیاجائے گا۔خواتین کے حقوق کاتحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ جہیز فنڈمیں اضافہ کیا گیا ہے ۔

وویمن کمیشن آزادکشمیر کو  باوقار بنانے  کیلئے فنڈز فراہم کیے جائیں گے ۔آزادکشمیر کے انتخابات میں خواتین نے اہم کردار ادا کیا ہے جس طرح محترمہ ریحانہ خان نے راولاکوٹ کے دو حلقوں میں مردوں کے شانہ بشانہ انتخابی مہم میں حصہ لیا اور کامیابی حاصل کی اسی طرح آزادکشمیر بھرمیں خواتین نے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کو کامیاب بنانے میں اہم کردار کیا ہے۔

اس موقع پر نوتعینات شدہ چیئرپرسن وویمن کمیشن آزادکشمیر محترمہ ریحانہ خان نے وزیراعظم آزادکشمیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کہ جنہوں نے مجھ پریہ ذمہ داری عائد کی ہے میں ان شاء اللہ پورا اترنے کی کوشش کروں گی اور خواتین کے مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم آزادکشمیر سردارتنویرالیاس خان کی قیادت میں خواتین کے مسائل حل کرنے کیلئے بھرپور کوشش کروں گی۔ میں وزیراعظم کا اس بات پر  بھی شکریہ ادا کرتی ہوں کہ جب سے انہوں نے اقتدار سنبھالہ وہ دن رات عوامی مسائل حل کرنے میں مصروف عمل ہیں۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے خواتین کے مسائل جس طرح کرنا شروع کیے ہیں جن میں جہیز فنڈز کااضافہ کیا جس سے آج مہنگائی کے عالم میں غریب شخص اپنی بیٹی کی شادی باعزت طریقے سے کرواسکتا ہے۔ اسی طرح انہوں نے خواتین کو بلاسود قرضے دینے کی منظوری دی ہے تاکہ خواتین معاشرہ میں اپنا موثر کردار ادا کرسکیں۔