دنیا بھر میں کشمیریوں نے یوم شہدائے کشمیر منایا


سرینگر،مظفرآباد(صباح نیوز)کنٹرول لائن کے دونوں اطراف کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے یوم شہدائے کشمیر اس عزم کے ساتھ منایا کہ شہداء کا مشن منزل کے حصول تک جاری رکھا جائے گا۔

کے پی آئی کے مطابق شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مختلف تقاریب بھی ہوئیں ۔لوگ شہداء کو خراج عقید ت پیش کرنے کیلئے سرینگرمیں مزار شہداء نقشبند صاحب میں جمع ہوئے اور وہاں شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کے علاوہ کشمیر کی آزادی کے خصوصی دعا کی گئی،

آزاد کشمیر پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے اس روز شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مختلف پروگرام کا انعقاد کیا ،جن میں اس بات کا عہد کیا گیا کہ شہداء نے جس مقصدکے لئے اپنی جانیں قربان کیں وہ مشن کشمیریوں کو حق خود ارادایت ملنے تک جاری رکھا جائے گا۔

اس موقع پر حریت کانفرنس آزاد کشمیر پاکستان شاخ کے زیراہتمام بھی ایک خصوصی تقریب ہوئی جس کی صدارت کنوینئر محمود احمد ساغر نے کی ،تقریب  میں شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور واضح کیا گیا کہ شداء کی قربانینوں سے کسی کو بھی غداری کی اجازت نہیں دی جائے گی کشمیری اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے ، 1931میں آج کے دن ڈوگرہ فوج کے ہاتھوں سرینگرسنٹرل جیل کے باہر22کشمیر ی شہید کئے گئے تھے۔

یہ شہید ان ہزاروں لوگوں میں شامل تھے جو سنٹرل جیل سرینگر کے باہر عبدالقدیر نامی شخص کے خلاف عدالتی کارروائی کے خلاف اکٹھے ہوئے تھے جس نے کشمیریوں کو ڈوگرہ راج کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کیلئے کہا تھا۔

اس دوران جیسے ہی نماز ظہر کا وقت ہواتو ایک نوجوان اذان دینے کیلئے اٹھا۔ ڈوگرہ فوجیوں نے موذ ن کو گولی مار کو شہید کر دیا جس کے بعد ایک اور نوجوان نے اٹھ کر اذان جاری رکھی اوراسے بھی فوجیوں نے گولی مارکر شہید کردیا۔ اس طرح سے اذان مکمل ہونے تک 22 نوجوانوں نے اپنی جانوں کا نذارانہ پیش کیا۔