کشمیر شہداء کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،شہداء کا مشن ہرصورت جاری رہے گا، فریدہ بہن جی


سرینگر (صباح نیوز) کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنماء و چیرپرسن ماس موومنٹ فریدہ بہن جی نے تیرہ جولائی 1931 کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر شہداء کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،شہداء کا مشن ہرصورت جاری رہے گا،

یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے پیعام میں فریدہ بہن جی نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر میں کشمیریوں کا لہو شامل ہیں کشمیریو ں نے اس تحریک میں مثالی قربانیاں پیش کی ہیں بھارت اپنی فوجی بربریت سے کشمیریوں کی اس تحریک کاراستہ روک نہیں سکتا،انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج نے کشمیریوں پر مظالم کی انتہا کردی ہے قابض بھارتی فوج نے کشمیریوں پر مظالم ڈھانے میں نازیوں کو بھی اب پیچھے چھوڑدیا ہے لیکن اس کے باوجود کشمیریو ں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ شہداء کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں ،حریت رہنماء نے کہاکہ کشمیریوں کا قصور صرف یہ ہے کہ و ہ اپنا بنیادی حق کا مطالبہ کررہے ہیں جس کا وعدہ ان سے بھارتی حکمرانوں نے عالمی برادری کے سامنے اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کررکھا ہے ،بھارت کو یہ بات تسلیم کرنی چاہیے کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور اس پر اس کا غیر قانونی قبضہ ہے مودی سرکار کے یک طرفہ غیرقانونی اقدامات سے کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل نہیں ہوسکتی،

فریدہ بہن جی نے کہاکہ جس طر ح تیرہ جولائی کے شہداء نے تحریک کی مشعل روشن کی اس طرح کشمیری عظیم قربانیاں دے اس مشعل کو روشن کئے ہوہے ہیں ،شہداء کا مشن کسی بھی قیمت پر حق خود ارادیت کے حصول تک جاری رکھا جائے گا، کشمیری خاتون رہنماء  نے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی فوجی مظالم پر بھی اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اب کشمیریو ں کی نسل کشی کے منصوبے پر عمل پیرا ہے ، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کی نسل کشی کو روکنے اور کشمیریوں کو اپنا حق خود ارادیت دلانے کے لئے اپنا موژ کردار ادا کرے