اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ سیاسی اشرافیہ کی مدد سے لینڈ مافیا نے ریاستی اراضی بشمول جنگلات کی زمین پر قبضہ کررکھا ہے، قبضہ شدہ سرکاری اراضی کی مجموعی ویلیو 5 ہزار 595 ارب روپے ہے، اراضی پر قبضے کی وجہ سے پاکستان میں مناسب جنگلات نہیں لگائے جا سکے۔
اپنی ٹوئٹ میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں جنگلات کے رقبے میں کمی کی ایک وجہ جنگلات کی زمین پر قبضہ ہے، جب ہم نے لینڈ ریکارڈ کوڈیجیٹلائز کرنے کے لیے کیڈیسٹریل میپنگ کی تو اسی طرح کی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، جیسی مزاحمت الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے خلاف بھی کی جارہی ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا ہے کہ سرکاری اراضی کی میپنگ کے پہلے فیز میں حیران کن حقائق سامنے آئے، سیاسی اشرافیہ کی مدد سے لینڈ مافیا نے ریاستی اراضی بشمول جنگلات کی زمین پر قبضہ کررکھا ہے، 3 شہروں سمیت پاکستان قبضہ شدہ سرکاری اراضی کی مجموعی ویلیو 5 ہزار 595
ارب روپے ہے، جبکہ جنگلات کی قبضہ شدہ زمین کی ویلیو ایک ہزار 869ارب روپے ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اراضی پر قبضے کی وجہ سے پاکستان میں مناسب جنگلات نہیں لگائے جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ریکارڈ کی مدد سے لینڈ مافیا اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں 2 ہزار 639 ارب روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر قبضہ کیا گیا تھا۔