پی ٹی آئی نااہلوں کا ٹولہ، حکومت کے پاس ویژن ہے نہ صلاحیت،سراج الحق


لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم ایک کھلاڑی ہیں مگر وہ مخالف ٹیم سے قواعدو ضوابط طے کئے بغیر یکطرفہ کھیل کھیلنے جارہے ہیں۔17نومبر ملک کی تاریخ کا سیاہ دن تھا۔ چھ گھنٹوں کے اجلاس میں تین گھنٹے ممبران اسمبلی ایک دوسرے کو زدوکوب کرتے رہے اور اگلے تین گھنٹوں میں سنتیس قانون پاس ہوگئے۔ قوم کے نمائندوں نے قوم کے مستقبل سے متعلق ہر قانون کو چھ منٹ دئیے۔ قوم نے حکومتی ہتھکنڈوں کو مسترد کردیا۔ اس ملک کے عوام آئندہ الیکشن کو قبول نہیں کریں گے۔ ملک کی بائیس کروڑ عوام کیلئے زندگی گزارنا مشکل بنا دیا۔ اس ملک کی معیشت تباہ ہے۔ سٹیٹ بنک کو آئی ایم ایف کے حوالے کردیا گیا۔ پی ٹی آئی نااہلوں کا ٹولہ ہے۔ اس حکومت کے پاس نہ ویژن ہے نہ صلاحیت۔ ن لیگ ، پی پی بھی ملک کی معیشت اور اداروں کی تباہی کی برابر کی ذمہ دار ہیں۔ جماعت اسلامی ملک میں حقیقی تبدیلی کی علمبردار ہے۔ ہم دو نہیں ایک پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی انقلاب برپا کرے گی۔ کارکنان محنت جاری رکھیں انشاء اللہ کامیاب ہوں گے۔

وہ منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے وفد کے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ ق  کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کے لیے نجی اسپتال پہنچے ۔ جماعت اسلامی پاکستان کے نائب ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر ، امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب مولانا جاوید قصوری اور جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

سراج الحق نے چوہدری شافع حسین سے ان کے والد چوہدری شجاعت کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی ۔سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ملتوی کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ اپوزیشن سے صلاح مشورہ کیا جائے گا۔ مگر پتہ چلا کہ اندر کھاتے اتحادیوں کو راضی کیا جارہا ہے۔ اور وہ اتحادی جنہوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو مسترد کرنیکا کہا تھا راتوں رات راضی ہوگئے اور بل پر ٹھپے لگا دیا۔

انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ پی ٹی آئی نے شکست کے خوف سے آئندہ الیکشن میں دھاندلی کامنصوبہ بنا لیا اور وہ وزیراعظم جو گیئر پلے کی باتیں کرتے ہیں اور دعوے کرتے ہیں کہ وہ کھلاڑی ہیں ایک ایسا کھیل کھیلنے جارہے ہیں جس میں مخالف فریق کو کھیل کے طریقہ کار کا ہی پتہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کے مستقبل کو تباہ کردیا۔17نومبر کو پارلیمنٹ میں جو کچھ ہوا اور جس طرح چھ گھنٹوں کی کارروائی میں حکومت نے 37سے زائد بل منظور کروائے یہ ہماری تاریخ کا بدترین اور سیاہ ترین دن تھا ۔ الیکڑونک مشین کے بارے میں جس طرح عمران خان نے کارروائی کی اب اس سے انہوں نے آنے والے الیکشن کو بھی متنازع بنایا ہے ۔ جمہوریت کے نام پر ہماری حکومت نے جو کچھ کیا اس جمہوریت پر بدنماداغ لگ گیا ہے۔

امیر جماعت نے کہا سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کے ٹولے نے غریب عوام کے ارمانوں کا خون کردیا۔ یہ وہی لوگ ہیں جن کینام کبھی پانامہ لیکس میں آتے ہیں کبھی پینڈورا پیپرز کی زینت بنتے ہیں۔ جماعت اسلامی کامسئلہ نہ کسی پانامہ پینڈورا کا ہے نہ ہی ہمارے پیچھے نیب لگی ہے۔ ہمارا ماضی اور حال قوم کے سامنے ہے۔ہم عوام کی بات کرتے ہیں۔ہم اسلامی پاکستان کی بات کرتے ہیں۔ قوم آزمائے ہوئے حکمرانوں کو مسترد کرے اور جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین جیسی شخصیت نے شرافت کی سیاست کو فروغ دیا ہے ۔ جس کے باعث ان کا ہر پاکستانی ان کا بے حد احترام کرتا ہے ۔