مجھے جیل میں ڈالنے کا مقصد سیاست سے آؤٹ کرنا تھا، سید خورشید شاہ


اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ انہیں جیل میں ڈالنے کا مقصد انہیں سیاست سے آؤٹ کرنا تھا ۔ نیب کا ادارہ ہونا ہی نہیں چاہیے ۔

نجی ٹی وی سے  انٹرویو میں سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اگر میڈیا کو مکمل آزاد کر دیا جائے تو یہ ملک جنت بن جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ میں جب قائد حزب اختلاف تھا تو اس وقت وزیر اعظم عمران خان اپوزیشن کا حصہ تھے اور ان کی جماعت اپوزیشن کا حصہ تھی اور جب عمران پارلیمنٹ سے ہٹنے لگا اور بھاگنے لگا تو میں نے  انہیں سمجھانے کی کوشش کی کہ پارلیمنٹ کو نہ  چھوڑیں اور پارلیمنٹ بہت بڑی طاقت ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ میری مولانا فضل الرحمان ، اسفند یار ولی خان ، آفتاب احمد خان شیر پاؤ ،میاں محمد شہباز شریف ، محمود خان اچکزئی ، میاں محمد نواز شریف سمیت آج جتنے بھی لوگ سیاست میں ہیں میری ان کے ساتھ دوستی ہے اور ان کے ساتھ میرے اچھے مراسم رہے ہیں۔ میری گرفتاری کی ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ جب پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے درمیان جب ڈینٹ ڈالنا پڑے تو یہ شخص درمیان میں نہ ہو ۔