کراچی (صباح نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی)کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں گیس کی قلت پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے اور وزرا گیس بحران کے حل کے بجائے مناظروں کے چیلنج میں مصروف ہیں۔ عمران خان مسلسل بحرانوں کو جنم دے کر عوام کے لئے مشکلات پیدا کررہے ہیں۔
ان خیالات کااظہار بلاول بھٹو زرداری نے اتوار کے روز سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ گیس بحران سمیت دیگر عوامی مسائل سے نجات کا واحد حل پی ٹی آئی حکومت کا خاتمہ ہے۔ عمران خان گیس بحران کی وجہ سے ایک وقت کے کھانے کے لئے دربدر شہریوں سے معافی مانگیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر حکومت بروقت ایل این جی منگوالیتی تو آج یوں ملک میں گیس کی قلت نہ ہوتی۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت کے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو آج مکمل کرلیا جاتا تو ملک کو توانائی کے بحران کا سامنا نہ ہوتا۔ ایک جانب عمران خان نے گیس کی قیمتوں میں سینکڑوں فیصد اضافہ کیا اور دوسری جانب مہنگی گیس بھی عوام کی پہنچ سے دور کردی۔ گیس بحران سے نمٹنے میں حکومتی نااہلی کی وجہ سے آج صنعتیں اپنے برآمدی آرڈرز تک پورے نہیں کرپارہیں۔ جبکہ ایک اور بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ماموں شاہنواز بھٹو کو ان کے 63 ویں یومِ پیدائش پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔شاہنواز بھٹو، قائدِ عوام شہید بھٹو اور بیگم نصرت بھٹو سمیت بھٹو خاندان کے لاڈلے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہنواز بھٹو کی جمہوریت کے لیئے جدوجہد اور قربانی کو تاریخ کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شاہنواز بھٹو کی انقلابی سوچ اور عزم ہمارے لیئے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گے۔ پی پی پی چیئرمین نے پارٹی عہدیدارن و کارکنان کوشاہنواز بھٹو کے ایصالِ ثواب کے لیئے دعا کی اپیل بھی کی۔ جبکہ اپنے ایک اور بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے مرحوم سابق وائس چیئرمیں مخدوم امین فہیم کی چھٹی برسی پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مخدوم امین فہیم ایک منجھے ہوئے سیاستدان، منفرد شاعر، اور اعلی خوبیوں کے مالک بھترین انسان تھے۔ مرحوم نے پارٹی قیادت کی تین نسلوں کے ساتھ جدوجہد کی، اور زندگی کی آخری گھڑی تک اپنے عہدِ وفا پر قائم رہے۔ مرحوم مخدوم امین فہیم پارٹی قیادت اور کارکنان ہمیشہ یاد رہیں گے۔ پی پی پی چیئرمین نے مرحوم مخدوم امین فہیم کے روح کے ایصالِ ثواب کے لیئے دعا بھی کی۔