آمریت دور میں نفرت اور انتہاپسندی کی بنیادیں رکھی گئیں، شیری رحمان


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیرموسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ آمریت کے دور میں نفرت اور انتہاپسندی کی بنیادیں رکھی گئیں، پاکستان کی ترقی اور استحکام آئین اور جمہوریت میں ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں شیری رحمان نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں لگائے جانے والے مارشل لاء  سے متعلق کہا کہ11 سال آئین معطل کر کے ملک میں مارشل لا کا نفاذ رہا اور آمریت کے وہ 11 سال ہماری تاریخ کا سیاہ ترین دور کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں تقسیم، نفرت اور انتہاپسندی کی ایسی بنیادیں رکھیں گئی جن سے پاکستان آج تک نہیں نکل سکا۔

انہوں نے کہا کہ 45سال پہلے ہونے والے اس آئینی اور جمہوری سانحہ کے اثرات ہمارا آج تک پیچھا کر رہے ہیں، شہید ذوالفقار علی بھٹو کی آئینی حکومت پر اگر شب خون نہ مارا جاتا تو آج پاکستان کا دنیا میں ایک الگ مقام ہوتا، عوامی حکومت کا غیر آئینی طور پر خاتمہ نا ہوتا تو آج عوام کی تقدیر بدل چکی ہوتی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں نہیں بھولنا چاہئے کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام آئین اور جمہوریت میں ہے۔