چیئرمین نادرا کا سیاسی جماعتوں کو خط، انتخابی فہرستوں پر رائے طلب


اسلام آباد(صباح نیوز) نادرا نے سیاسی جماعتوں سے انتخابی فہرستوں پر رائے طلب کرلی۔چیئرمین نادرا طارق ملک نے 150 سیاسی جماعتوں کو خط لکھ دیا، جس کا مقصد فہرستوں کا ختمی شکل دینا اور تحفظات دور کرنا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق چیئرمین نادرا نے چیف الیکشن کمشنر کو بھی آگاہ کردیا۔ الیکشن کمیشن نادرا کی جانب سے اجلاسوں میں اپنا نمائندہ بھی بھیجے گا۔ خدشات اور سوالات کے لیے نادرا کی جانب سے انٹرایکٹو سیشن کا اہتمام کیا جائے گا۔ انتخابی فہرستوں پر”اوپن ہاوس سیشن” بھی ہو گا۔سیاسی جماعتوں سے مناسب تاریخ اور شرکا کی فہرست طلب کرلی گئی، نادرا کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرستوں کی تیاری کے لیے 2011 سے الیکشن کمیشن کی مدد کر رہا ہے۔

آرٹیکل 219 کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان انتخابی فہرستوں کی تیاری اور ووٹرز کے اندراج کا مجاز ہے۔ ایس ایم ایس سروس  8300  کو نادرا ہوسٹ کرتا ہے۔الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 37 کے تحت حتمی انتخابی فہرستوں کی اشاعت کے بعد بھی انتخابی فہرستوں کو اپ ڈیٹ کرنے کا عمل جاری رہے گا۔