بجلی کا شارٹ فال 7800میگا واٹ، بجلی بحران جاری


اسلام آباد(صباح نیوز)بجلی کا شارٹ فال 7800میگاواٹ ہو گیا ملک بھر میں بجلی کا بحران برقرار ، اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

این ٹی ڈی سی کے مطابق بجلی کا مجموعی شارٹ فال 7800میگا واٹ ہو گیا ہے، بجلی کی طلب 29000 میگا واٹ جبکہ پیداوار 21200 میگا واٹ ہے۔

ذرائع کے مطابق شدید گرمی اور حبس میں بجلی کی ریکارڈ طلب سے سسٹم اوورلوڈ ہو گیا ۔لاہور کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے لیسکو کو تقریباً 800 میگا واٹ شارٹ فال کا سامنا ہے جبکہ لیسکو کی جانب سے ساڑھے 3 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا شیڈول دیا گیا۔

دوسری جانب لیسکو ریجن میں سسٹم اوور لوڈ ہونے کے نتیجے میں بجلی کی کئی گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بجلی ٹرپنگ سے شہری پریشان ہیں۔آئی پی پیز سے مجموعی طور پر 10241 میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی،

ونڈ پاور سے 1629 اور سولر پلانٹس سے 123 میگا واٹ بجلی حاصل ہو رہی ہے۔اس طرح بگاس سے 120 اور جوہری پلانٹس سے 2275 میگا واٹ بجلی حاصل ہو رہی ۔ لوڈ میں کمی بیشی کے سبب ٹرانسفارمر، میٹر جلنے کی شکایات بھی موصول ہو نے لگیں جبکہ قصبوں اور دیہاتوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔