گلگت(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ تمام تر تعصبات سے بالاتر ہو کر ملی وحدت کا قیام وقت کی ضرورت ہے ،دین اسلام کے ماننے والوں کے لیے تمام تر اختلافات ختم کرکے متحد ہونا وقت کی ضرورت ہے
لیاقت بلوچ نے ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی گلگت کے زیر اہتمام استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،تقریب سے شیخ مرزا علی صدر ملی یکجہتی کونسل جی بی ،مولانا عبد السمیع امیر جماعت اسلامی جی بی ،مشتاق احمد ایڈووکیٹ سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل جی بی و نائب امیر ،،مولانا تنویر حیدری امیر جماعت اسلامی گلگت ،فدا حسین چیرمین عوامی ایکشن کمیٹی جی بی ، اورنوید اللہ خان نے بھی خطاب کیا۔
لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان جی بی کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی اقدامات کرے،آزاد کشمیر سے زمین رابطے کے لیے شونٹر ٹنل پر فورا کام کا آغاز کیا جائے،جی بی کے پانی سے پورا پاکستان سیراب ہوتا ہے لہذا گندم پر سبسڈی کو جاری رکھا جائے اور معیاری گندم فراہم کی جاے،انھوں نے مزید کہا کہ آج پاکستان میں لگاے گیے تمام پاپولر نعرے فلاپ ہو چکے ہیں ۔آج پاکستان معاشی طور پر جس مقام پر کھڑا ہے اس کی ذمہ دار پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی ہے
انھوں نے مزید کہا کہ سود ایک لعنت ہے ،حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کرے،آج مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے مظلوم عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ،گلگت بلتستان کے عوام اسلام پسند اور محب وطن پاکستانی ہیں، ہر مشکل وقت میں انھوں نے وطن کے لیے قربانی دی ہے آج ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان ان قربانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ وسائل فراہم کرے۔