اسلام آباد ایئر پورٹ پر 3 بین الاقوامی منشیات اسمگلر گرفتار، 5کلو سے زائد ہیروئن برآمد


اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد ائیرپورٹ پر اے این ایف کے عملے نے کارروائی کرتے ہوئے تین بین الاقوامی اسمگلروں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کی ٹیم نے بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کا نیٹ ورک چلانے والے 3ملزمان کو اسلام آباد ایئر پورٹ سے حراست میں لیا ہے۔

اس حوالے سے ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ کے داخلی راستے پر دوران تلاشی جارج نامی ملزم سے2 کلو600گرام ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔

دوران تفتیش ملزمان نے ماضی میں بھی بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کا اعتراف کرلیا، ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

اس کے علاوہ اے این ایف انٹیلی جنس کی ٹیم نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر دوسری کارروائی کی جس میں کوریئر آفس کے ذریعے ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

تفصیلات بیان کرتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے 2 کلو 770 گرام ہیروئن برآمد ہوئی ہے۔

ترجمان ایاین ایف کا کہنا ہے کہ ہیروئن 20 لیڈیز سوٹ میں مہارت سے چھپائی گئی تھی، پارسل سیالکوٹ کے رہائشی لیاقت علی کی جانب سے بک کرایا گیا تھا۔

مذکورہ پارسل برطانیہ میں مقیم طارق محمود نامی شخص کو موصول ہونا تھا، پارسل کو قبضے میں لے کر مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔