مانکی شریف (صباح نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ طالبانائزیشن کیخلاف سب سے زیادہ مزاحمت خیبر پختونخوا نے کی، حکومت ٹی ٹی پی سے مذاکرات کی تفصیلات پبلک کرے، عمران خان نے پاکستان کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مانکی شریف میں تحریک پاکستان کے رہنما پیر سید امین الحسنات کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، سابق وزیر پیر آف مانکی پیر نبی امین اور پیرزادہ محمد امین نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مانکی شریف میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مانکی شریف میرا دوسرا گھر ہے یہاں سے ہمیشہ محبت ملی، پیر آف مانکی شریف کی قیام پاکستان کی خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں، خیبر پختونخوا کا ریفرنڈم پاکستان کے حق میں پیر آف مانکی شریف کی بدولت کامیاب ہوا، خیبر پختونخوا کے عوام کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ طالبانائزیشن کے خلاف سب سے زیادہ مزاحمت کے پی کے نے کی، حکومت ٹی ٹی پی سے مذاکرات کی تفصیلات پبلک کرے، عمران خان نے پاکستان کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا، ریاست مدینہ کا نعرہ لگا کر عوام سے دو وقت کی روٹی چھین لی گئی، عوام آئندہ انتخابات میں نام نہاد تبدیلی کو مسترد کردیں۔
پیر آف مانکی شریف سابق وزیر پیر نبی امین نے بلاول بھٹو کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بے نظیر بھٹو سمیت ہزاروں پاکستانیوں کے قاتلوں سے مذاکرات مسترد کرتے ہیں، ریاست ہمارے شہدا کی قربانیوں کا اعتراف کرے، پیر آف مانکی شریف کا قائداعظم سے معاہدہ اسلامی ریاست کا قیام تھا جس پر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔