وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی سندھ بھر میں کورونا ٹیسٹنگ بڑھانے کی ہدایت


کراچی(صباح نیوز)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے صوبے میں کورونا ٹیسٹنگ بڑھانے کی ہدایت کی گئی ۔ جمعہ کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا ۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں خاص طور کراچی میں ٹیسٹنگ بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام ویکسی نیشن اور بوسٹر لگوائیں کیونکہ عیدالاضحی اور محرم کے بڑے ایونٹس آرہے ہیں، ان ایونٹس سے پہلے ہی ہمیں کورونا کی شرح کو نیچے لانا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عوام احتیاطی تدابیر اپنائیں اور کورونا کے شرح کو کم کریں، اگر یہ میڈ کیسز بیٹھے تو شاید حکومت کو پھر سخت اقدامات لینے پڑ جائیں۔انہوں نے کہا کہ عوام ماسک پہنے، سماجی دوری کو یقینی بنائیں ، ہاتھ دھلے اور سینی ٹائزر کئے جائیں۔

اجلاس میں صوبائی وزرا عذرا پیچوہو، ناصر شاہ، شرجیل میمن ویڈیو لنک کے ذریعے جبکہ مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، پارلیمانی سیکرٹری صحت قاسم سومرو، چیف سیکرٹری سہیل راجپوت، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری فیاض جتوئی، سیکرٹری داخلہ سعید منگنیجو، کمشنر کراچی، ڈاکٹر باری، ڈاکٹر قیصر سجاد، وی سی ڈاکٹر سعید قریشی، ڈپٹی ڈی جی رینجرز بریگیڈیئر رئوف شہزاد، کور ہیڈکوارٹر اور انٹیلی جنس اداروں کے نمائندگان شریک ہوئے۔