ملتان(صباح نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات صاف و شفاف کرانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ایسے انتخابات چاہتے ہیں جن پر کوئی انگلی نہ اٹھاسکے ۔
ملتان میں عمائدین سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فرسودہ نظام کے خاتمے کیلئے ای وی ایم کے ذریعے انتخابات کروا کر دھاندلی کا لفظ ہمیشہ کیلئے ختم کرنا چاہتے ہیں ۔ آئندہ انتخابات شفاف ہوں ، شفاف انتخابات کراکر دھاندلی کی راہ روکنا چاہتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا ان کا بنیادی حق تھا۔ تحریک انصاف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے کر ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔
اوورسیز پاکستانی زرمبادلہ بھیج سکتے ہیں ووٹ کیوں نہیں ڈال سکتے؟ حکومتی صفوں میں اتحاد اپوزیشن کی صفوں میں کھلبلی ہے ماضی میں حکمرانوں نے ملک کا پیسہ لوٹا مگر اوورسیز پاکستانیوں کیلئے کچھ نہ سوچا۔