مظفر آباد(کے پی آئی) حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیر مین پیرسید صلاح الدین احمد نے کہا ہے کہ مودی سرکار کے مصنوعی اقدامات سے مقبوضہ کشمیر کی تاریخی حقیقت اور نہ جغرافیائی ہیئت تبدیل ہوسکتی ہے اور نہ عالمی برادری کی آنکھوں میں اس طرح کے اقدامات سے دھول جھونکی جا سکتی ہے۔ G.20ممالک کی مجوزہ بین الاقوامی کانفرنسیں وادی میں منعقد کروانے سے مقبوضہ ریاست بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں بن سکتی، پاکستانی ارباب اختیار کوچائیے کہ وہ جارحانہ سفارت کاری کے ذریعے بھارتی اقدامات کا توڑ کرنے میں اپنا کردار ادا کریں
ان خیالات کا اظہار متحدہ جہاد کونسل کے چیرمین پیرسید صلاح الدین احمدنے متحدہ جہاد کونسل کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ داروں کو سرمایہ کاری کیلئے سرینگر میں جمع کرنے،شارجہ سری نگر ہوائی سروسز چالو کرنے یا G.20ممالک کی مجوزہ بین الاقوامی کانفرنسیں وادی میں منعقد کروانے سے مقبوضہ ریاست بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں بن سکتی۔ تاہم جہاد کونسل کے چیرمین نے پاکستانی ارباب اختیار کو بھی مشورہ دیا کہ انہیں چائیے کہ وہ جارحانہ سفارت کاری کے ذریعے بھارتی اقدامات کا توڑ کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
پیر سید صلاح الدین احمد نے واضح کیا کہ مقبوضہ علاقے میں ٹارگٹ کلنگ کی ذمہ داری قابض انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے۔ کیونکہ نہتے نوجوانوں کو ہر روز چن چن کے قتل اور پابند سلاسل کرنا،ملازمتوں سے بالجبر برطرف کرکے غیر ریاستی باشندوں کو مسلط کرناایک فطری ردعمل کا متقاضی ہے ورنہ جب پورا بھارت فرقہ وارانہ دفسادات اور منافرت کی آگ میں جھلس رہاتھا مقبوضہ ریاست اس وقت بھی ہندو مسلم بھائی چارے کا گہوارہ تھی۔اس بھائی چارے کی فضا کوخود قابض سرکار نے تار تار کرنے کی ہمیشہ مذموم کوششیں کیں اور یہ سلسلہ جاری ہے۔چیر مین جہاد کونسل نے مودی سرکار سے خوفزدہ کچھ بھارتی علمائسے بھی اپیل کی کہ وہ مقبوضہ ریاست کے حالات و واقعات پر رد عمل ظاہر کرتے وقت 9لاکھ قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں ڈھائے جارہے کمر توڑ مظالم کی بھی مذمت کریں،بلکہ ان کے خلاف ایک مؤثر آواز بھی بلند کریں۔
سید صلاح الدین نے جزبہ جہاد و حریت سے سرشار نوجوانوں کو دشمن کی ریشہ دوانیوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جہاد میں شرکت کیلئے کبھی بھی نامعلوم فرد،گروہ یا تنظیم سے بغیر تحقیق کے رابطہ نہ کریں،کیونکہ باوثوق ذرایع سے معلوم ہوا ہے کہ قابض فورسز اور ایجنسیوں نے اپنے خود ساختہ گروہوں اور زرخرید ایجنٹوں کے ذریعے نوجوانوں کو بھرتی کرکے شہید کرنے کا منصوبہ عملاناشروع کیا ہے۔کم سن نوجوانوں کو شہید کرکے وہ پیسہ اور پروموشن حاصل کرہے ہیں۔اجلاس میں ہفتہ رفتہ کے شہداء کی بلندی درجات اور ورثاء شہدا کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی اور اس یقین کا اظہار کیا گیا کہ جدوجہد آزادی ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگی