سیاحت کے فروغ کیلئے اسلامی ممالک کو ویزا اور بارڈر پالیسیوں کو آسان کرنے کی ضرورت ہے، احسان الرحمن مزاری


باکو (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی تعاون احسان الرحمن مزاری نے کہا ہے کہ سیاحت کے فروغ کیلئے اسلامی ممالک کو ویزا اور بارڈر پالیسیوں کو آسان کرنے کی ضرورت ہے،بدقسمتی سے اسلامی ممالک کو  ناقص انفراسٹرکچر اور سکیورٹی مسائل کا سامنا ہے، سیاحت سے فارن ایکسچینج ‘ معاشی ترقی اور روزگار میں اضافہ ممکن ہے،

ان خیالات کا اظہار انھوں نے او آئی سی ممالک کی سیاحت کے فروغ کیلئے منعقدہ آئی سی ٹی ایم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) ممالک کی سیاحت کے فروغ کیلئے منعقدہ آئی سی ٹی ایم کانفرنس کا گیارہواں سیشن آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں منعقد ہوا، جس کا موضوع سیاحت کی ترقی میں مقامی کمیونیٹیز کا کردار تھا،کانفرنس میں اسلامی تعاون تنظیم کے ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی تعاون احسان الرحمن مزاری نے کہا کہ سیاحت سے فارن ایکسچینج ‘ معاشی ترقی اور روزگار میں اضافہ ممکن ہے،بدقسمتی سے اسلامی ممالک کو  ناقص انفراسٹرکچر اور سکیورٹی مسائل کا سامنا ہے،پاکستان سیاحت کے فروغ کیلئے اعلی ٰاقدام اٹھا رہا ہے ، اعلیٰ سطحی قومی تعاون کمیٹی برائے سیاحت وزیراعظم کے ماتحت کام کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ  اسلامی ممالک کے ساتھ سیاحت کے فروغ میں وزیراعظم  شہباز شریف گہری دلچسپی لے رہے ہیں، غیر ملکی اور مقامی سیاحوں کی معلومات اور سہولتوں کیلئے ای پورٹل لانچ کیا جارہا ہے۔ احسان الرحمن مزاری کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان سیاحت کے فروغ کیلئے سہولیاتی مراکز قائم کرنے پر کام کررہی ہے، پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن مستحکم سیاحت کے فروغ کے عنوان سے اسلامی ممالک کی کانفرنس منعقد کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے، سیاحت کے فروغ کیلئے جوائنٹ وینچر اور سیاحتی معلومات کا تبادلہ اہم ہے ۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسلامی ممالک کو ویزا اور بارڈر پالیسیوں کو آسان کرنے کی ضرورت ہے۔