لاہور(صباح نیوز) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اسموگ کے باعث اسکول بند کرنے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالات نہیں کہ اسکول بند کیے جائیں۔
لاہور میں نیشنل کالج آف آرٹس کے دورے پر میڈیا سے گفتگو میں شفقت محمود نے کورونا کے باعث تعلیمی صورتحال سے متعلق سوال پر کہا کہ اگلے سال امتحانات نظام الاوقات کے مطابق ہوںگے۔
وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ اسموگ کے باعث ایسے حالات نہیں کہ اسکول بند کیے جائیں۔اس موقع پر شفقت محمود نے اپوزیشن کو نشانے پر لیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن بغیر وجہ روڑے اٹکا رہی تھی،الحمد اللہ تمام بل منظور کرلیے ہیں اس سے قبل نیشنل کالج آف آرٹس میں ایک تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فن اور ثقافت کو فروغ دینے کیلئے ملک میں مزید آرٹس کالج قائم کئے جائیںگے۔
وفاقی وزیرنے کہاکہ ملک میں اعلی تعلیم کے فروغ کیلئے اعلی تعلیمی کمیشن کو خطیر رقوم فراہم کی گئی ہیں۔