صدر، وزیراعظم کا بچوں کے عالمی دن کے موقع پران کے حقوق یقینی بنانے عزم کا اعادہ


اسلام آباد(صباح نیوز)بچوںکے عالمی دن موقع پر اپنے پیغامات میں صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے بچوں کے تحفظ کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اپنے پیغام میں صدرمملکت نے کہا کہ حکومت غربت ،تشدد اوربد سلوکی سے ہر بچے کو محفوظ رکھنے کے اپنے عزم پر کار بندہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ہر بچے کو تعلیم اور صحت کی معیاری سہولتیں میسر ہوں او ر نسلی ، مذہبی یا صنفی بنیاد پر ان کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہ ہو۔

وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہاکہ حکومت نے اس بات کو یقینی بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے کہ ترقی ،تعلیم ،صحت ، وقار اور سلامتی سمیت بچوں کے تمام حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے حکومت نے بچوں کے حقوق کا قومی کمیشن اور زینب الرٹ رسپانس اینڈ ریکوری ایجنسی قائم کی ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ بچوں سے مشقت کے خاتمے کیلئے بچوں کے تحفظ کے ادارے قائم کرنے سمیت مختلف قوانین بنائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ دوسرے فلاحی اقدامات میں غذائی قلت کا شکار بچوں کیلئے غذائی تعاون اور صحت کارڈز کے ذریعے علاج معالجے کی فراہمی شامل ہیں