جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام ”قومی مشاورت” کل اسلام آباد میں ہوگی


لاہور(صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام ”قومی مشاورت” کل اسلام آباد میں ہونے جا رہی ہے،مہنگائی، بیروزگاری اور سیاسی عدم استحکام سے نجات کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنا یا جائے گا،امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق ”قومی مشاورت” کی صدارت کرینگے، قومی مشاورت سے پروفیسر خورشید احمد سمیت ملکی اور عالمی ماہرین سمیت دیگر مقررین خطاب کریں گے۔

جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام ”قومی مشاورت” کل سہ پہر وفاقی دارلحکومت کے سیکٹر ایف ایٹ الفلاح ہال میں ہوگی، ملک کو درپیش معاشی بحران اور اس کے نتیجے میں ہونے والی مہنگائی، بیروزگاری اور سیاسی عدم استحکام سے نجات کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے جس کے لیے جماعت اسلامی پاکستان نے ”قومی مشاورت” کا اہتمام کیا ہے۔

سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف کے مطابق قومی مشاورت سے پروفیسر خورشید احمد سمیت ملکی اور عالمی ماہرین خطاب کریں گے، دیگر مقررین میںڈاکٹر شاہد حسن صدیقی، ڈاکٹر وقار مسعود، مفتی تقی عثمانی، حافظ عاطف وحید، ڈاکٹر سلمان سید علی، ڈاکٹر اشفاق حسن خان، قیصر بنگالی، ڈاکٹر فرخ سلیم، ظفر الحسن الماس، ڈاکٹر محمد ایوب، جواد ماجد اور قیصر امام ایڈووکیٹ شامل ہیں۔ مشاورت کے اختتام پر مشترکہ معاشی چارٹر مرتب کیا جائے گا۔ قیصر شریف نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ ملک کی سیاسی جماعت نامور معاشی ماہرین کو ایک چھت تلے اکٹھا کرکے ایک لائحہ عمل تشکیل دے رہی ہے، مشاورت ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے میں سنگ میل ثابت ہوگی۔