اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مارچ میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے جا رہے ہیں وزیراعظم نے وزیراعلی پنجاب اور وزیربلدیات کو ہدایات دیدیں۔
ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فوادچوہدری نے کہا کہ نیا بلدیاتی قانون اگلے ہفتے پنجاب اسمبلی میں پیش ہوگا ضلع کی سطح پر اور میئر کا انتخاب براہ راست ہوگا ولیج کونسل میں 13افراد پر مشتمل پینل الیکشن لڑیگا۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ اجلاس میں قانون سازی ہماری بڑی سیاسی کامیابی ہے اپوزیشن تھکے ہوئے پہلوانوں کاٹولہ بھان متی کاکنبہ، مضبوط اپوزیشن صرف نظریئے کی بنیاد پر ہو سکتی ہے پی ٹی آئی نے2013سے18تک حکومت کوچین سے نہیں بیٹھنے دیا۔فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارا لیڈر ایک تھا عمران خان اسکے نظریے کے پیچھے سب کھڑے تھے موجودہ اپوزیشن کا کوئی لیڈر ہے نہ نظریہ کون ان کیساتھ کھڑا ہو گا احسن اقبال نام نہادپڑھے لکھے ہیں پڑھ لکھ کر بات کیا کریں، ن لیگی ایک ہفتے فوج کیخلاف دوسرے ہفتے عدلیہ کیخلاف ہوتے ہیں تیسرے دن ان کو تنقید کیلئے ادارہ چاہیے ہوتا ہے اب نادراکی باری ہے نادراکی ٹیکنالوجی کسی ایک شخص کے مرہون منت نہیں۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ جب بھی مریم یانوازشریف کی پیشی ہوتی ہے ویڈیوز اسکینڈل آجاتے ہیں ہروہ کام کیا جاتا ہے کہ میرٹ پرمقدمات کی شنوائی نہ ہو ہم تو چاہتے ہیں نواز شریف واپس آئیں نوازشریف نے آ کر پیسے دینے یا جیل جانا ہے۔