سیالکوٹ(صباح نیوز) قطر میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ 2022 میں سیالکوٹ میں تیار ہونے والا فٹ بال الریحلہ استعمال ہوگا، اس طرح عالمی ایونٹ میں پاکستانی کی نمائندگی ہوگی۔
سرکاری میڈیا کے مطابق سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر شیخ زوہیب رفیق سیٹھی نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2022 کے میچوں میں سیالکوٹ میں تیار ہونے والا فٹ بال الریحلہ استعمال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی معروف کمپنی فارورڈ اسپورٹس نے ایڈیڈاز کے لیے الریحلہ فٹ بال تیار کیا ہے جو فیفا فٹ بال ورلڈ کپ میں استعمال ہوگا۔شیخ زوہیب رفیق سیٹھی کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ورلڈ کپ میں سیالکوٹ میں تیار ہونے والا فٹ بال استعمال ہو رہا ہو۔
انہوں نے کہا کہ یہ تیسری دفعہ ہے کہ فیفا ورلڈ کپ میں فارورڈ اسپورٹس کا برانڈ استعمال کیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الریحلہ بال کو قطر کی ثقافت کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے، اس کی تیاری میں استعمال ہونے والا مواد بائیو بیسڈ ری سائیکلنگ میٹریل ہے اور اس کی تیاری میں ماحول دوست پانی پر مبنی کیمیکل استعمال کیا گیا ہے۔
شیخ زوہیب سیٹھی کے مطابق تیار کیا جانے والا بال 20 پینلز پر مشتمل ہے اور اسے دنیا کے بہترین فٹ بال میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ ملکی برآمدات کے حوالے سے اہم شہر ہے اوریہ دنیا بھر میں والی بال، ہاکی اسٹکس، کرکٹ بیٹ اور کھیلوں میں استعمال ہونے والا لباس سمیت کھیلوں کا سامان تیار کرنے کے لیے مشہور ہے۔
واضح رہے کہ قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ رواں برس نومبر میں شروع ہوگا اور 21 نومبر کو پہلا میچ میزبان قطر ارو ایکواڈور کے سرمیان البیت اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔