پی ٹی آئی کی کوشش تھی حقائق سامنے نہ آئیں، اکبر ایس بابر


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابرنے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی کوشش تھی کہ حقائق سامنے نہ آئیں۔

الیکشن کمیشن آفس کے باہر  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ ہم اس موڑ پر ہیں کہ الیکشن کمیشن تاریخ رقم کرسکتا ہے، الیکشن کمیشن میں آج ہمیں جواب الجواب دینے کا موقع ملا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے فنانشل ایکسپرٹ مختصر وقت لیں گے، اس کے بعد الیکشن کمیشن ہمیں معاونت کیلئے بلا سکتا ہے۔پی ٹی آئی کے بانی رکن نے کہا کہ الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کو ریگولیٹ کرتا ہے، ہمسایہ ملک میں بھی انتخابات میں بلوے ہوتے تھے، ہمسایہ ملک کے چیف الیکشن کمشنر نے قانون کو لاگو کیا۔

اکبر ایس بابر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کوشش تھی کہ حقائق سامنے نہ آئیں، پی ٹی آئی کی درخواستوں کا مقصد تھا اکبر ایس بابر کو کیس سے الگ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ان کو پتہ ہے کہ حقائق سے صرف میں آگاہ ہوں، عمران خان ہر سال الیکشن کمیشن میں جھوٹی دستاویزات جمع کراتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اس لیے ڈوبی کہ باصلاحیت قیادت نہیں تھی، باصلاحیت قیادت سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے۔پی ٹی آئی کے بانی رکن نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں آئی ایم ایف پر بھروسہ نہ کریں، حکومت معیشت کی بحالی کیلئے پلان بی اور پلان سی بنائے۔

اکبر ایس بابر نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن اس کیس میں کیا فیصلہ کرتا ہے یہ ان کی صوابدید ہے، ہم اس موڑ پر ہیں کہ الیکشن کمیشن تاریخ رقم کرسکتا ہے۔