وزیرِ اعظم شہباز شریف سے امیر حیدر ہوتی کی ملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرِ اعظم سے اے این پی کے رکن قومی اسمبلی امیر حیدر ہوتی نے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف سے رکنِ قومی اسمبلی امیر حیدر خان نے ملاقات کی جس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور متعلقہ حلقے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اراکین قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی پیدا کرنے والا آج مہنگائی کے نام پر احتجاجی ڈرامے کررہا ہے، ہم آج اس کا بویا کاٹ رہے ہیں یہ کانٹے عمران نیازی کے بچھائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط ماننا پڑ رہی ہیں، جلد عوام کو سابق حکومت کے آئی ایم ایف سے معاہدے کی تمام تفصیلات سے آگاہ کرینگے، مہنگائی کا احساس ہمیں بھی ہے اور حکومت کی پوری کوشش ہے کہ عوام کو ریلیف دیا جائے۔شہباز شریف نے کہا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ کے حلقوں کے ترقیاتی مسائل حل کئے جائیں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں امیر حیدر ہوتی، عائشہ رجب بلوچ، شگفتہ جمانی، ملک سہیل آغا شاہ اور زیب درانی شامل تھے۔