نوشہرہ(صباح نیوز)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یہ کس قسم کا انصاف اور تبدیلی ہے کہ نوجوان ڈگریاں اٹھائے دھکے کھا رہے ہیں۔ خان صاحب گھر دینے کے بجائے کچی آبادیوں کے باسیوں سے چھت چھین رہے ہیں۔پیپلز پارٹی کی وفاقی حکومت غریب دوست حکومت تھی۔ موجودہ حکومت کی طرف سے آئی ایم ایف کی ڈیل نے عوام کو پریشان کر دیا ہے۔خان صاحب کے نئے پاکستان کے غریب عوام کے حقوق سلب کرلیے گئے ہیں۔عوام 2وقت کی روٹی کیلئے ترس گئے ہیں ۔مہنگائی نے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کر دیئے ہیں۔خان صاحب کی تبدیلی، تبدیلی نہیں تباہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھتیجوں احد خٹک اور عبدالرحمن خٹک کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کے موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے جس نے آمروں کا مقابلہ کیا اور پیپلزپارٹی ہی ملک کے غریبوں کی جماعت اور آواز بن کر ابھری ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو نے وزیر اعظم عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ ستر سالہ کھلاڑی کا وقت ختم اور نوجوانوں کا وقت شروع ہوگیا ہے۔ہم کپتان کو اس کے گھرمیں گھس کر سیاسی شکست دیں گے اور ملک میں عوامی راج قائم کریں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے سوال کیا کہ وزیر اعظم عمران خان کے نئے پاکستان میں عوام سے سب کچھ چھین لیا گیا کیا یہ تبدیلی ہے؟ یہ تبدیلی نہیں تباہی ہے۔ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر کہاں ہیں؟ وزیراعظم جھوٹا ہے جس نے روزگار دینے کے بجائے روزگار چھین لیا ہے۔ حکومت ہر ادارے پر حملہ کر رہی ہے۔ روزگار چھینا جارہا ہے۔ نوجوان ڈگریاں اٹھائے دھکے کھا رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے خیبر پختونخوا میں حکومت کی ناقص کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس صوبے میں پی ٹی آئی 8 سالوں سے حکومت میں ہے کیا تبدیلی آئی ہے۔ خان صاحب صرف یوٹرن لے رہے ہیں۔ نوشہرہ اور صوبے کے عوام پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں تو ہم ان کے مسائل حل کریں گے۔ پیپلزپارٹی کی حکومت عوام اورغریب دوست حکومت تھی جس نے روزگار اور گھر دیئے، تنخواہوں اورپنشن میں سوفیصد اضافہ کیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ ہم بھٹو کے منشور پرعمل کرکے مسائل حل کر سکتے ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پرعمل نہ کرکے عوام کوریلیف دیاجا سکتا ہے۔ بے نظیر انکم سپورٹ کی طرز پر لیبر اور یوتھ کارڈ جاری کریں گے۔ اس کٹھ پتلی کو معاف نہیں کرسکتے۔ اب عمران خان کے گھبرانے کاوقت ہواچاہتا ہے۔