سلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جناح ایونیو انٹرچینج انڈر پاس منصوبے کو ریکارڈ 42 دنوں میں مکمل کرنے پر وزیر داخلہ، چیئرمین سی ڈی اے سمیت متعلقہ اداروں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبہ سے راولپنڈی، اسلام آباد کی ٹریفک کو بڑا فائدہ ہو گا، پاکستان کی ترقی و خوشحالی بھی اسی برق رفتاری سے آگے بڑھائیں گے اور پاکستان کو عظیم ملک بنائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح ایونیو انٹرچینج انڈر پاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیر داخلہ سید محسن نقوی، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ ، ارکان قومی اسمبلی اور دیگر اہم سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس انڈر پاس کا 5 نومبر کو سنگ بنیاد رکھا گیا تھا، یہ خوشی کا موقع ہے کہ یہ انڈر پاس 42 دنوں میں مکمل کرکے ریکارڈ قائم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قومیں اسی طرح ترقی کرتی ہیں، شبانہ روز محنت کا اللہ تعالی پھل ضرور عطا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے، ان کی ٹیم، ٹھیکیداروں، انجینئرز اور کام کرنے والے ورکرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کی قیادت میں ان کی ٹیم نے انہونی کر دکھائی، ان کی ذاتی نگرانی کے باعث یہ منصوبہ بروقت پایہ تکمیل کو پہنچا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس منصوبہ سے راولپنڈی، اسلام آباد کی ٹریفک کو بڑا فائدہ ہو گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سرینا چوک انڈر پاس منصوبہ بھی اسی برق رفتاری سے مکمل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی اور ٹریفک پولیس نے جس طرح ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا وہ لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی بھی اسی برق رفتاری سے آگے بڑھائیں گے اور پاکستان کو عظیم ملک بنائیں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم نے 5 نومبر کو منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا، آج ہم 42 روز کے بعد انڈر پاس کا افتتاح کر رہے ہیں، اسلام آباد میں نئے پودوں کی افزائش کیلئے نرسری بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اسلام آباد میں فائیو سٹارز ہوٹل کی تعمیر کیلئے کام کر رہے ہیں، جناح ایونیو انٹرچینج منصوبے کا 50 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، سرینا چوک انڈر پاس کو مقررہ وقت میں مکمل کریں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ قذافی سٹیڈیم کا افتتاح بھی وزیراعظم محمد شہباز شریف سے کرائیں گے، سی ڈی اے نے دن رات کام کرکے انڈر پاس ایک ہزار 8 گھنٹے میں مکمل کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی اور چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وزیراعظم کو جناح ایونیو انٹرنیشنل منصوبے پر بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ منصوبے میں سیفٹی اور سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے، منصوبہ کے فیز ون میں 950 میٹرز کا انڈر پاس مکمل کیا گیا ہے۔