گرے لسٹ سے نکلنے کے معیشت پر دور رس نتائج مرتب ہونگے،قمرزمان کائرہ


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیروگلگت بلتستان چوہدری قمر زمان کائرہ نے کہا ہے چیئرمین پیپلزپارٹی و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کوفنانشل ایکشن ٹاسک فور (فیٹف)کی گرے لسٹ سے نکلنے کے اہداف کی تکمیل پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

بلاول بھٹو کی دانشمندانہ ڈپلومیسی کی بدولت مشکل ترین معاشی حالات میں پاکستان کا گرے لسٹ سے نکلناملکی برآمدات اور معیشت پر دور رس نتائج مرتب ہوں گے۔ ان خیالات کااظہار قمر زمان کائرہ نے اتوارکے روز سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے تنہا کیا گیا تھا۔

ا نہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کامیاب سفارتکاری کے ذریعے دنیا کی نظریں دوبارہ پاکستان کی طرف متوجہ کرلی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کوئی شک نہیں اس وقت پاکستان کو معاشی طور پر مشکل صورتحال کا سامنا ہے ،قومی قیادت متفقہ طور پر فیصلے کررہی ہے ،انشااللہ جلد ملک و قوم کو مشکل حالات سے باہر نکالیں گے۔