بتایا جائے گورنر گلگت بلتستان کی تعیناتی کا عمل شروع ہوا یا نہیں،اسلام آباد ہائیکورٹ


اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے انٹرا کورٹ اپیل سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کیا ہے کہ عدالت کو بتایا جائے کہ گورنر گلگت بلتستان کی تعیناتی کا عمل شروع ہوا یا نہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہری کی انٹرا کورٹ اپیل پر وفاقی حکومت کو 27 جون تک تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا کیا گیا ہے کہ گورنر گلگت بلتستان کا عہدہ 19 اپریل سے خالی ہے، گورنر کا عہدہ خالی رہنا خلاف آئین ہے

عدالت نے درخواست میں فریقین سیکرٹری کابینہ ، سیکرٹری وزارت کشمیر افئیرز کو بھی نوٹس جاری کیے ہیں۔جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کیس کی ابتدائی سماعت کی۔

عدالت نے کہا ہے کہ فاضل سنگل بنچ نے گورنر گلگت کی تعیناتی کی درخواست آبزرویشن کیساتھ نمٹائی، سنگل بنچ نے کہا توقع ہے صدر وزیراعظم کی ایڈوائس پر تعیناتی کریں گے،

عدالت کو انٹراکورٹ اپیل میں بتایا گیا ابھی تک پراسیس شروع نہیں ہوا۔اس لیے نوٹس جاری کیے جاتے ہیں یاد رہے کہ محمد خان نامی درخواست گزار نے گورنر گلگت بلتستان کی تعیناتی کیلئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔