قوم کو اپنی نوجوان نسل کی صلاحیتوں پر فخر ہے؛اسپیکر قومی اسمبلی


اسلام آباد(صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پاکستان سویٹ ہومز کی زیر انتطام بینظیر بھٹو کیڈٹ کالج لاڑکانہ اور سوہاوہ گوجر خان کیڈٹ کالج کے طلبا و طالبات نے پارلیمنٹ ہاس میں ملاقات کی۔ اسپیکر نے بے سہارا بچوں کی بہترین کفالت پر سربراہ سویت ہوم زمرد خان اور ان کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سویٹ ہوم بے سہارا و یتیم بچوں کی بہترین تربیت گاہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سویٹ ہوم کے زیرِ کفالت بچوں نے ہمیشہ تعلیمی میدان میں نمایاں پوزیشن حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی محنت کے بل بوتے پر سویٹ ہومز کے بچوں کا میرٹ پر کیڈٹ کالجز میں داخلہ لینا قابلِ تحسین ہے۔ ان کا مزید کہنا کہنا تھا کہ نوجوان نسل پر قوم کو سنوارنے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں اپنی تمام تر صلاحیتوں کو حصولِ علم کے لیے بروئے کار لانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تعمیر و ترقی کے لیے تعلم کا فروغ کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری قوم کو اپنی نوجوان نسل سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کو اللہ تعالی نے بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ملاقات میں سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی، سید خورشید وفاقی وزیر آبی وسائل، سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان اور اراکین قومی اسمبلی نے شرکت کی،قبل ازیں اسپیکر نے قومی اسمبلی ہال میں موجود ان طلبا و طالبات کو خوش آمدید کہا۔ طلبا و طالبات نے قومی اسمبلی ہال میں بجٹ اجلاس کی کاروائی بھی دیکھی۔