بھارت کے فاشسٹ اقدامات کیخلاف موثرسفارتکاری کی ضرورت ہے ،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بھارت کے فاشسٹ اقدامات کیخلاف موثر سفارت کاری اور متفقہ قومی پالیسی بنانے کی ضرورت ہے۔لیاقت بلوچ نے ”سیاسی قیدی یاسین ملک رہائی ٹاسک فورس”اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک آزادی کشمیر تحریک کے باحوصلہ اور بلند قامت رہنما ہیں۔ ہندوستان کی کینگرو عدالت نے بغیر کسی جرم کے سزا دی ہے۔ قانون، جمہوریت، انصاف اور انسانی حقوق کی پامالی کی ہے۔ ہندوستان میں جموں و کشمیرکے مسلمان ہی نہیں تمام اقلیتیں، خصوصاً مسلمانوں، کی جان، مال، عزت، مکانات اور عبادت گاہیں غیر محفوظ ہوگئی ہیں۔ بھارت کے مظالم، فاشسٹ اقدامات کے خلاف زبردست موثر سفارت کاری اور متفقہ قومی پالیسی بنانے کی ضرورت ہے۔ عمران خان کے بعد میاں شہباز شریف کی مسئلہ کشمیر پر خاموشی، لاتعلقی اور مجرمانہ غفلت بڑا المیہ ہے۔ یاسین ملک اور کشمیری قائدین کی رہائی کے لیے دنیا بھر میں بھرپور جدوجہد کی جانی ضروری ہے۔

لیاقت بلوچ نے جماعتِ اسلامی آزاد جموں و کشمیر، گلگت-بلتستان کی مرکزی مجلسِ شوری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کشمیر کی تحریک کے لیے آزاد کشمیر اور گلگت-بلتستان بہت اہم بیس کیمپ ہے۔ پاکستان اور آزاد کشمیر کی قیادت بیک وقت غفلت اور بزدلی و مفادات کا شکار ہے۔ فاشسٹ مودی کے اقدامات کے خلاف اسلام آباد-راولپنڈی کو موثر حکمتِ عملی اختیار کرنے کے لیے آزاد کشمیر کے عوام کو جوہری کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی پورے پاکستان میں مسلسل آزادی کشمیر کے حل کے لیے عوام کو بیدار رکھنے کا کردار ادا کررہی ہے۔ عالمی برادری خصوصا عالمِ اسلام کو کشمیر و فلسطین کے مسائل کے حل کے لیے جانبداری، تعصب اور مسلم دشمنی ترک کرنا ہوگی۔ عالمی امن ہر انسان کی ضرورت ہے، جنگ، بدامنی اور انسانوں کوطاقت کے زور پر آزادی کی نعمت سے محروم کرنا بدامنی، دہشت گردی اور انتہا پسندی کا موجب بن گیا۔

لیاقت بلوچ نے سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان اللہ کی نعمتوں اور وسائل سے مالا مال ہے۔ اقتصادی بحران حکمران طبقہ کی نااہلی، کرپشن اور عیاشیوں کا نتیجہ ہے۔ سود، قرضوں، کرپشن کی لعنت نے 22 کروڑ پاکستانی عوام کو رسوائی کا شکار کردیا ہے، حکمران سود کے خاتمہ، زکواة کے نظام کے نفاذ کے لیے تیار ہوجائیں تو معاشی بحران ختم ہوگا۔