پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی، متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت


اسلام آباد(صباح نیوز)ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کے آغاز کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں رواں سال غیر معمولی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی جس دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

ملک کے مختلف علاقوں خصوصا پنجاب میں بارشیں معمول سے زیادہ ہونے کا امکان ہے، بارشوں کا سلسلہ اگست کے مہینے تک جاری رہے گا۔صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں(آج) 16جون سے 21جون تک تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے تاہم موسلادھار بارشوں کی وجہ سے اربن فلڈنگ کا بھی امکان ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے صوبے کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کے نئے سپیل کے بارے میں الرٹ جاری کیا ہے۔اس حوالے سے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ جانی و مالی نقصان سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔بارش اور تیز ہوائوں کا سلسلہ رواں ماہ کی 22 تاریخ تک جاری رہے گا۔

صوبہ سندھ میں بھی پی ڈی ایم اے کی جانب سے بارشوں کے دوران کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اقدامات کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ۔